سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے وینگ کے اشتراک سے بیلہ کے نوجوانوں کے لئے شمسی توانائی سے چلنے والی جدید کمپیوٹر لیبارٹری کا تحفہ

سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے وینگ کے اشتراک سے بیلہ کے نوجوانوں کے لئے شمسی توانائی سے چلنے والی جدید کمپیوٹر لیبارٹری کا تحفہ

سوئی سدرن گیس کمپنی قدرتی گیس کی ترسیل کی اپنی بنیادی ذمے داریوں کے ساتھ ساتھ اپنے فرنچائز صوبوں سندھ اور بلوچستان میں رہنے والے کم مراعات یافتہ افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے مقصد کے تحت اپنی کارپوریٹ سماجی ذمے داریوں کو تکمیل دینے کی ایک بھرپور تاریخ رکھتی ہے.

سوئی سدرن نے بیلہ میں احمد آباد کے ایک فیملی پارک میں شمسی توانائی سے چلنے والی کمپیوٹر لیبارٹری کے قیام عمل کے لئے بلوچستان کی ایک معروف غیر منافع بخش تنظیم ویلفیئر ایسوسی ایشن فار نیو جنریشن (وینگ) کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اس منصوبے کو مکمل کیا جس میں الیکٹریکل کام کے ساتھ فرنشڈ سیمنٹڈ بلاک روم تعمیر کیا گیا ہے جس میں برانٹڈڈ کمپیوٹرز، لیزرجیٹ پرنٹر، ایئرکنڈیشنرز، لکڑی کی کرسیاں اور میزوں کے ساتھ مکمل فرنیچر سیٹ کے ساتھ ساتھ UPS انورٹر اور ہمہ جہت سولر سسٹم بھی موجود ہے. اس جدید ترین ڈیجیٹل کمپیوٹر لیب کا نام ‘ولی’ رکھا گیا ہے جو وینگ لیب آف اینویشن کا مخفف ہے.

اس ڈیجیٹل کمپیوٹر لیب کا باقاعدہ افتتاح سوئی سدرن گیس کمپنی کے شعبہ کارپوریٹ کمیونیکیشنز کے سربراہ سلمان احمد صدیقی نے ایک پروقار تقریب کے دوران کیا. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب سلمان احمد صدیقی نے کہا کہ ہم نے ماضی قریب میں غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ شراکت داری پر زور دیا ہے جو معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لئے سرگرم ہیں. انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ منصوبہ بیلہ کے نوجوان مردوں اور خواتین کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں بہت معاون ثابت ہوگا. اس جدید طرز کی لیبارٹری میں وہ مختلف ٹیکنالوجی پر مبنی کورسز سے پوری طرح استفادہ کرسکیں گے اور باعزت روزگار کے حصول اور انٹرپرینٹیو شپ کے ذریعے اپنے خاندانوں کے معاشی حالات کو بدلنے میں معاون ثابت ہوں گے.

ڈائریکٹر وینگ جناب خلیل رونجھا نے اپنے خطبہ استقبالیہ کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ وینگ کا دیرینہ خواب تھا جس کو گیس یوٹیلٹی کے ساتھ اس شراکت داری نے پورا کیا. انہوں نے کہا کہ پورے بلوچستان میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایسی سہولت ہے. بیلہ کے نوجوان اس منفرد سہولت کے بارے میں جان کر بہت پرجوش ہیں اور ان میں سے بہت سے ڈیجیٹل کورسز میں اپنی انرولمنٹ کے لئے وینگ سے رابطہ بھی کرچکے ہیں.

اس موقع پر ولی کے کچھ فیکٹی ممبران نے سامعین کی آگاہی کے لئے تکنیکی بریفنگ بھی دی. تقریب کے شرکا میں اساتذہ، سماجی کارکنان، صحافیوں اور قابل ذکر طلبا کے ساتھ ساتھ سوئی سدرن کے ڈپٹی منیجر کارپوریٹ کمیونیکشن سید صدف عباس بھی موجود تھے