یوم تکبیر کے سلسلے میں تقریب

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(ڈیموکریٹ) اور پاکستان میڈیا تھنک ٹینک کے زیر اہتمام سن گلو میں یوم تکبیر کے سلسلے میں ایک تقریب ہوئی‘ جس میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء‘ سابق رکن قومی اسمبلی میاں انوار الحق رامے مہمان خصوصی تھے‘ تقریب میں اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے سابق نائب صدر مدثر فیاض چوہدری‘ پاک چین تجارتی فورم کے بلال احمد‘ الغنی ایسو سی ایٹ کے شفیق گوجر ایڈوکیٹ‘ اسلام آباد بار کے سینئر ممبر اور اسلام آباد بار کے انتخابات میں متوقع امیدوار عامر رضا ایڈوکیٹ ملک بھر کے تاجروں اورانڈسٹریز کے مرکزی فورم‘ ایف پی سی سی ائی کے سابق ایگزیکٹو ممبر عمران شبیر عباسی‘ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبر طاہر عباسی اور جسارت اسلام آباد کے بیورو چیف میاں منیر احمد کے علاوہ میلاد احمد اور شخصیات شریک ہوئیں‘ انوار الحق رامے نے مئی1998 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دینے کے لیے پس منظر پر گفتگو کی اور کہاکہ یہ بات قومی یک جہتی کی علامت ہے کہ پاکستان میں وفاق میں قائم ہونے والی تمام حکومتوں نے اور وفاق میں اقتدار پانے والی تمام سیاسی جماعتوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے اور عمل سے بڑھ کر قومی یک جہتی کی مثال اور نہیں ہوسکتی جس طرح پوری قوم نے مل کر ایٹمی قوت بنایا ہے اسی طرح یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو معاشی قوت بھی بنایا جائے