پاکستان کے نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو 50 فیصد تک ڈالرز کے آزادانہ استعمال کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ ’سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
نگراں وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ ’ایس آئی ایف سی کے فیصلے سے آئی ٹی کمپنیاں بیرون ممالک سے اپنے اکاؤنٹ پاکستان منتقل کرسکیں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل آئی ٹی کمپنیوں کو صرف 35 فیصد تک ڈالرز رکھنے کی اجازت تھی۔ اس پابندی کی وجہ سے متعدد کمپنیوں نے بیرون ممالک اپنے اکاؤنٹ کھول رکھے تھے۔
نگراں وزیر نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی ٹی ایکسپورٹ کا موجودہ حجم 2.6 ارب ڈالرز ہے جو اب چار ارب ڈالرز تک تجاوز کر سکتا ہے۔‘
عمر سیف کے مطابق ’حالیہ فیصلے سے آئی ٹی کمپنیوں کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہوا اور ملک میں ڈالرز کی ترسیل بھی بڑھے گی۔‘