سونا اور ڈالر مہنگے ہو گئے

نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر سونا اور ڈالر مہنگے ہو گئے، ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 9 ہزار روپے سے زائد ہو گئی، ڈالر کی قیمت بھی 280 روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالرز اضافے کیساتھ 2001 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار 250 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 72 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 9 ہزار 600 روپے جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 79 ہزار 698 روپے ہوگئی۔

دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر بھی مہنگا ہو گیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق آج کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں 32 پیسے اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں انٹر بینک میں ڈالر 279 روپے 12 پیسے پر بند ہوا۔ فاریکس ڈیلرز نے بتایا ہے کہ انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی مہنگی ہوئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے مہنگا ہوکر 281 روپے پر فروخت ہوا جب کہ بینکوں نے درآمد کنندگان کو ڈالر 279 روپے 50 پیسے میں فروخت کیا۔ادھر کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 51 ہزار کی سطح عبور کر گیا، اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا، جہاں 100 انڈیکس 540 پوائنٹس کے اضافے سے 51 ہزار 272 پر پہنچ گیا، مئی 2017ء کے بعد 100 انڈیکس پیلی بار 51 ہزار تک پہنچا ہے، انڈیکس کی تاریخ کی بلند ترین سطح 52 ہزار 876 پوائنٹس ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس سے پیسے کی قدر میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے، جمعے کو کاروباری اوقات کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی، کراچی سٹاک ایکس چینج کے 100 انڈیکس میں 0.9 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 50 ہزار 670 اشعاریہ 4 کی سطح پر پہنچ گئی۔بلومبرگ کی جانب سے ٹریک کیے گئے 90 سے زیادہ عالمی ایکویٹی انڈیکسز میں رواں ماہ کراچی سٹاک ایکس چینج 10 فیصد بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، معاشی ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستانی روپے کی قدر میں حالیہ اضافہ قرض کی ثانوی مارکیٹ کا بلند ترین شرح کی جانب بڑھتا رجحان اور مہنگائی کے اعداد و شمار نئی سرمایہ کاری کو سٹاک مارکیٹ کی جانب موڑنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔بلوم برگ نے رپورٹ کیا ہے کہ رواں سال جون میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے قرض کا معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان کے سٹاکس میں 23 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔پاکستانی روپیہ ستمبر میں ریکارڈ نچلی سطح سے تقریبا 10 فیصد بڑھا ہے اور بلومبرگ کی جانب سے ٹریک کی جانے والی معیشتوں میں سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسی قرار دی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں