پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو این اے 128کی بجائے این اے 127 سے الیکشن لڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی لاہور سے بھی قومی اسمبلی کی نشست پر انتخابات میں حصہ لیں گے، جس کے لیے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پہلے این اے 128 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اب اس فیصلے میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت اب سابق وزیر خارجہ لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 127 سے الیکشن لڑیں گے، جس کے لیے پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج اورقاسم گیلانی نے کارکنوں کے ہمراہ پارٹی چیئرمین کے کاغذات نامزدگی جمع کر ادئیے۔بتایا جارہا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے، گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کی تھی، الیکشن کمیشن کے نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی، ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہوگی۔معلوم ہوا ہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، ای سی پی کی جانب سے 2 روزہ توسیع آج ختم ہو جائے گی، چاروں صوبوں میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ آج مکمل ہوگا، اب تک لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر 150 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، 30 صوبائی حلقوں میں 350 سے زائد امیدوار قسمت آزمائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ این اے 123 سے نوازشریف کے کاغذات جمع کرائے جائیں گے، جہانگیر ترین تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، لودھراں میں این اے 155، پی پی 227 اور ملتان میں این اے 149 میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، عمران خان میانوالی اور اسلام آباد کے ساتھ لاہور سے بھی الیکشن لڑیں گے، سابق وزیراعظم کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے ہیں، مریم نواز 5 حلقوں سے الیکشن لڑیں گی، این اے 119 اور این اے 120 لاہور میں کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔
