عالمی ادارہ صحت نے پاکستان پر عائد سفری پابندیوں میں تین ماہ کی توسیع کر دی۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایمرجنسی کمیٹی برائے پولیو نے پاکستان میں پولیو کے کیسز سامنے آنے پر عالمی ادارہ صحت سے سفری پابندیوں میں توسیع کی سفارش کی تھی۔
اس وقت دنیا میں پاکستان اور افغانستان دو ایسے ممالک ہیں جن میں پولیو وائرس موجود ہے۔ چنانچہ اس وائرس کے بیرونی دنیا میں پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے ان دونوں ممالک پر کچھ سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے ایمرجنسی کمیٹی برائے پولیو کی 37ویں میٹنگ 1دسمبر 2023ءکو بلائی تھی، جس میں پاکستان پر پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں گزشتہ سال کے دوران پولیو کے 6نئے کیس سامنے آئے۔ پاکستان کے ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی میں بھی گزشتہ سال اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ برس ستمبر سے نومبر کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں سے حاصل کے گئے 60نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا۔ جن میں پولیو وائرس پایا گیا ان میں سے زیادہ تر نمونے کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد/راولپنڈی اور پشاور سے لیے گئے تھے۔
