جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے نائب امیر و اُمیدوار برائے این اے 48ملک عبدالعزیزنے کہاہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں نے حلقہ کے عوام کوسالہاسال سے بے وقوف بناتے ہوئے ہمیشہ پسماندہ رکھاہے،وفاقی دارالحکومت ہونے کے باوجود اسلام آباد کے رہائشی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں کسی نجات دہندہ کی طرف دیکھنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ 32سال سے حلقہ میں نہ کوئی تعلیمی ادارہ بنا اور نہ ہسپتال نہ پانی نہ بجلی نہ کوئی گیس کا بڑا منصوبہ شروع کروایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے غوری ٹاون میں عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر فرید خان، امتیاز عباسی، ملک سفیان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
انھوں نے کہا ملک میں بجلی،گیس،پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ان حالات میں عوام کو کسی کے خلاف کرنے کی ضرورت نہیں عوام خود خاصی سمجھدار ہوچکی ہے اور اس کا بدلہ انتخابات میں ان لٹیروں سے ضرورلے گی، حلقہ این اے 48 کو سب سے بڑا مسئلہ بلدیاتی نظام کا نہ ہونا ہے، لاکھوں کی آبادی میں ایک بھی ہسپتال نہیں، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں سیوریج کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے،انھوں نے کہا دونوں بڑی جماعتوں نے حلقہ کے عوام کو بیوقوف بنایا اور علاقہ تباہ کیا ہے حکمرانوں کے بنک اکا?نٹس،جائیدادیں اور اولادیں پاکستان میں نہیں ہیں اس لیے انہیں ملک کی ترقی کی ضرورت نہیں،انہوں نے سرکاری تعلیمی ادارے صرف چوکیدار، مالی اور گارڈ تیار کرنے کیلئے بنائے ہیں بیوروکریسی اور ان کے بچے تیار کرنے کیلئے الگ سے ادارے بنا رکھے ہیں۔
