اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت ابتک 40لاکھ خاندانوں میں 250ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کر چکا ہے جبکہ ان کی وصولی کی شرح سو فیصد ہے، اخوت کی کوششوں کے باوجود ابھی تک 50فیصد لوگ غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں تاہم اللہ تعالیٰ نے باقی 50فیصد کو ہر قسم کی نعمتوں سے نوازا ہے،اخوت ملک کا واحد ادارہ ہے جو وطن عزیز سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اسلامی فلسفے کے مطابق بلا سود قرضے فراہم کر رہا ہے۔فنڈ ریزنگ کے سلسلہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت لوگوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ان محروم طبقوں کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ چھوٹے موٹے کاروبار کر کے اپنے اور اپنے اہل خانہ کیلئے باعزت طریقے سے روٹی کما سکیں۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ فیصل آباد کی تاجر اور صنعتکار برادری نے کارخیر کے کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کے حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کے ممبر انفرادی طور پر مفت تعلیمی ادارے چلانے کے علاوہ فری ڈسپنسریاں بھی چلا رہے ہیں تاہم اِن کاموں کو منظم کرنے کی ضرورت ہے اور اس وقت یہ کام اخوت فاؤنڈیشن کر رہی ہے تاہم اس کو منظم کر کے مزید بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چیمبر کے ممبر اخوت فاؤنڈیشن سے بھر پور تعاون کریں گے تاکہ ملک سے غربت اور بے روزگاری کو ختم کیا جا سکے۔ آخرمیں فیصل آبادچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرڈاکٹرخرم طارق نے نائب صدرمحمداسلم بھلی کے ہمراہ اس دھرتی کے مایہ نازسپوت ڈاکٹرامجدثاقب کوفیصل آبادچیمبرکا اعزازی نشان پیش کیا۔