وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن
سلمان کے درمیان ملاقات کے دوران پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے سعودی سرمایہ کاری پیکج کا پہلا مرحلہ جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بات چیت کا محور پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا تھا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سعودی ولی عہد نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف اور محمد بن سلمان نے غزہ کی صورتحال پر بھی غور کیا۔