پیپلزپارٹی کو بے نظیر بھٹو کی برسی پر لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پیپلزپارٹی کو بے نظیر بھٹو کی برسی پر لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دے دی۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کو بینظیر بھٹوکی برسی پر لیاقت باغ میں جلسیکی اجازت مل گئی، لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق عباسی نے پیپلزپارٹی کی 27 دسمبرکو جلسے کے لیے درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 26 دسمبر کو ضلعی انتظامیہ کو طلب کرلیا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بینظیر بھٹوکی برسی پر لیاقت میں جلسے سے خطاب کریں گے۔راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ نے پیپلزپارٹی کو لیاقت باغ میں 27 دسمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خطرات کے باعث پیپلزپارٹی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔گزشتہ ہفتے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ راولپنڈی میں پھر آرہے ہیں، شہید محترمہ نے جہاں آخری تقریر کی تھی ہم وہاں آ رہے ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست، مساوات اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، انشااللہ لیاقت باغ میں کھڑے ہوکرپوری دنیا کو پیغام دیں گے۔