پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر انجینئر افتخار چودھری کے خاندان کے لیے ایک اور اعزاز! ان کے پوتے ریحان نبیل اور عیان نبیل، جو روٹس ملینیم سکول گجرانوالہ کے ہونہار طالب علم ہیں، نے لاہور میں منعقدہ انٹر سکول مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ریحان نبیل نے نیشنل لیول کے مقابلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ عیان نبیل نے پنجاب اور کشمیر میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے خاندان کا نام روشن کیا ہے۔
یاد رہے کہ ریحان اور عیان دونوں دو ماہ قبل قرآن پاک حفظ کر چکے ہیں اور اب ترجمے کے ساتھ قرآن کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انجینئر افتخار چودھری نے کہا، “یہ میرے اللہ کا خاص کرم ہے کہ میرے پوتے نہ صرف دینی تعلیم میں ممتاز ہیں بلکہ دنیاوی تعلیم میں بھی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔”
ریحان نبیل نے نیشنل لیول پر اپنی بھرپور تیاری کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا، “میں انشاءاللہ اپنی بہترین کارکردگی دکھا کر پاکستان کا نام روشن کروں گا اور اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے وطن کی خدمت کروں گا۔” عیان نبیل نے بھی اپنی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے مزید محنت کرنے کا عہد کیا۔
انجینئر افتخار چودھری نے اپنے بیٹے ڈاکٹر نبیل حسن اور بہو ڈاکٹر ثنا نبیل کو مبارک باد پیش کی اور بچوں کی اس شاندار کامیابی پر انہیں داد دی۔ یہ کارنامہ خاندان کے لیے فخر کا باعث ہے اور نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔
