ٹیکس چوری روکنے کیلئے استعداد بڑھانے کا مطالبہ

 عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے ٹیکس چوری روکنے کیلئے پرال (پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ) کی استعداد بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال میں ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس چوری پکڑی جائے گی، پرال نظام ٹیکس چوری اور مس ڈکلیئریشن کرنے والوں کی فوری شناخت اور کارروائی کرے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کی جانب سے سیمنٹ اور سٹیل سیکٹر میں ٹیکس چوری روکنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے،سیمنٹ سیکٹر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ابھی تک ٹریک اینڈ ٹریس کا نظام لاگو نہیں کر سکا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو یکم جولائی 2024 سے سیمنٹ، کھاد ، سگریٹ اور سیمنٹ سیکٹر میں ٹریک اور ٹریس سسٹم لاگو کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق سٹیل سیکٹر میں 80 سے 90 ارب روپے سالانہ کی ٹیکس چوری کا اندازہ ہے، ایف بی آر کو تمام ان رجسٹرڈ ری رولنگ ملز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہو گا ،ری رولنگ اسکریپ پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی )کی وصولی بھی کرنا ہو گی ۔