عائشہ وکیل پر حملہ – پیپلز پارٹی کا مکروہ چہرہ بے نقاب، انجینیئر افتخار چوہدری کی پرزور مذمت
راولپنڈی (پریس ریلیز) – پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر انجینیئر افتخار چوہدری نے میرپور خاص کے کندری پولنگ اسٹیشن پر پارٹی کی سرگرم خاتون رہنما عائشہ وکیل پر پولیس اور پیپلز پارٹی کے غنڈوں کے مشترکہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی اسلم کی موجودگی میں پیپلز پارٹی کے کارندوں نے نہ صرف عائشہ وکیل کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ان کا موبائل فون بھی چھین لیا۔ اس وحشیانہ حملے میں وہ شدید زخمی ہوئیں۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے دھونس، دھاندلی اور خواتین پر تشدد کو انتخابات جیتنے کا ہتھیار بنا لیا ہے۔ انجینیئر افتخار چوہدری نے کہا: “نہ زمین پھٹی، نہ آسمان رویا، اور نہ ہی عدل کی کوئی صدا بلند ہوئی۔ پیپلز پارٹی کی یہ فتح زبردستی، جبر اور خوف کی بنیاد پر حاصل کی گئی۔ پہلے ایم کیو ایم جیتا کرتی تھی، آج پیپلز پارٹی دیہی سندھ میں فتح پا رہی ہے عورتوں کو دھکے دینا، مارنا، اور ان کی عزت پامال کرنا سیاسی فتح نہیں، ایک شرمناک شکست ہے۔” انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ اس ظلم کا فوری نوٹس لیا جائے اور عائشہ وکیل کو انصاف فراہم کیا جائے۔ ایسے پولیس افسران اور پیپلز پارٹی کے غنڈوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انجینیئر افتخار چوہدری نے کہا کہ یہ حملہ صرف تحریک انصاف کی کارکن پر نہیں بلکہ پاکستان کی ہر بیٹی پر حملہ ہے۔ ہم خاموش نہیں رہیں گے، ظلم کے خلاف ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔