کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ترمیمی آرڈیننس 2025 کی باضابطہ منظوری

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ترمیمی آرڈیننس 2025 کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے بعد اس کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ترمیمی آرڈیننس کے مطابق زمین کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی اب صرف نقد رقم تک محدود نہیں رہے گی بلکہ انہیں زمین یا دیگر متبادل ذرائع سے بھی معاوضہ فراہم کیا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، ڈپٹی کمشنر کو زمین اور عمارتوں کے لیے علیحدہ علیحدہ کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔آرڈیننس میں خاص طور پر معذور، نابالغ اور قانونی پابندیوں کا شکار افراد کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں تاکہ ان کی جائیدادوں کی منتقلی اور قانونی عمل میں آسانی پیدا کی جا سکے۔قانون میں متاثرہ افراد کی بحالی اور آبادکاری کو مکمل قانونی تحفظ دیا گیا ہے، جب کہ معاوضے میں تاخیر کی صورت میں 8 فیصد سالانہ اضافی ادائیگی کی شرط بھی شامل کی گئی ہے۔ترمیمی آرڈیننس میں زمینداروں کے حقوق کے تحفظ، ان کے معیارِ زندگی کی بحالی اور شفاف طریقہ کار کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اصلاحات شامل کی گئی ہیں۔اہم پیش رفت یہ ہے کہ اکتوبر 2025 سے قبل کے تمام زیر التواء کیسز کو بھی نئی پالیسی کے تحت نمٹایا جائے گا، جس سے سینکڑوں متاثرہ افراد کو فوری ریلیف ملنے کی توقع ہے۔