انجینئر افتخار چوہدری کا “آپریشن سندور” پر سخت ردعمل

بھارت نے اپنی ہی ثقافت کو پامال کیا، جواب شعور اور حکمت سے دیا جائے

لاہور—- پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر اور ممتاز کالم نگار انجینئر افتخار چوہدری نے اپنے حالیہ کالم میں بھارت کے جنگی منصوبے “آپریشن سندور” کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بھارتی تہذیب و ثقافت کی تضحیک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندور ہندو مت میں ازدواجی تقدس کی علامت ہے، جسے عسکری اصطلاح بنا کر بھارت نے خود اپنی روحانی علامت کو جنگی ہتھیار میں بدل دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں آباد ہندو برادری ایک محب وطن، مہذب اور قابلِ احترام طبقہ ہے، جن کے مذہبی شعائر کا احترام ہماری قومی ذمے داری ہے۔

افتخار چوہدری نے کہا کہ اگر بھارت ہماری مساجد کو نشانہ بنائے گا تو ہمیں ان کے مندر تباہ کرنے کے بجائے ان کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہیے، اور ایسی حکمت عملی اپنانی چاہیے جس سے انسانی جانیں محفوظ رہیں کیونکہ دونوں جانب مسلمان آباد ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس بیان پر بھی تنقید کی کہ “ہم 10 طیارے گرا سکتے تھے، لیکن 5 گرائے”۔ انہوں نے کہا کہ جنگوں میں محبتیں نہیں چلتیں، اور جو نریندر مودی سے جندال کے ذریعے تعلقات قائم کیے گئے، وہ قابلِ مذمت ہیں۔