جاپان کی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا نے متعدد بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرے ہیں۔
جاپان کوسٹ گارڈ کے مطابق اس نے تصدیق کی ہے کہ کسی بھی بحری جہاز کو نقصان نہیں پہنچا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مشرقی شہر وونسان کے قرب و جوار سے صبح آٹھ بجے کے لگ بھگ ایک گھنٹے سے زائد دورانیے میں مختصر فاصلے تک مار کرنے والے مختلف قسم کے بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ طویل ترین پرواز کرنے والے میزائل نے سمندر میں گرنے سے پہلے تقریباً 800 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
یہ تجربات 10 مارچ کے بعد شمالی کوریا کی جانب سے پہلی معلوم بیلسٹک میزائل سرگرمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔