پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے کامیاب انسدادِ دہشتگردی آپریشن “بنیان مرصوص” کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے ایک منظم پروپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے۔ اس مہم کے تحت بھارتی خفیہ ایجنسی “را” نے کالعدم تنظیم فتنہ الخوراج کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی خدمات حاصل کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق احسان اللہ احسان نے حال ہی میں بھارتی اخبار “دی سنڈے گارڈین” میں ایک مضمون شائع کیا ہے جس میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مبینہ دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ مضمون بھارت کی جانب سے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کی علامت ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ “دی سنڈے گارڈین” بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ایک پروپیگنڈا ٹول ہے، جسے “را” مالی معاونت فراہم کرتی ہے۔ اخبار کا مالک کارتیکیہ شرما وزیراعظم نریندر مودی کا قریبی ساتھی اور آر ایس ایس کے شدت پسند نظریات کا حامی ہے۔ مزید یہ کہ اخبار کا نمایاں لکھاری ابھینندن مشرا وہی شخص ہے جس نے احسان اللہ احسان کی مبینہ فرار کی خبر سب سے پہلے دی تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ تمام سلسلہ بھارتی اداروں کی پشت پناہی سے جاری ہے۔