محرم الحرام میں امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے، ملک بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ روہڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جس طرح خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کا مار بھگایا ہے اسی طرح کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھی وفاق اور صوبے مل کر بھرپور کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا صدر مملکت آصف علی زرداری کو اُن کے عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے؟ جس پر محسن نقوی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2 دن مزید سیاست نہ کریں اور سوشل میڈیا کی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سوشل میڈیا کی خبروں میں بالکل نہ جائیں، میرے خیال میں لوگوں کو تکلیف ہے کہ یہ سارے اکٹھے ہیں، تو اس لیے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ سیاست دان، حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ ساری اکٹھی ہے تو لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے اسی لیے وہ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں لیکن میری درخواست ہے کہ دو دن سیاسی باتوں سے پرہیز کیا جائے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ بیانات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، سوشل میڈیا پر مذہبی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فورسز چوکنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے حکومتی اقدامات اور سکیورٹی اداروں کی شبانہ روز محنت سے عاشورہ پُرامن طور پر گزرے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں 2763 جلوس پرامن طور پر رواں دواں ہیں، سکھر میں 9 محرم الحرام کے مرکزی قدیمی جلوس میں تقریبا 10لاکھ افرادشریک ہیں۔ جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی کنٹرول رومز فعال ہیں۔