پاکستان اورافغانستان نے علاقائی رابطے بڑھانے کے لیے ازبکستان، افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں افغانستان اور پاکستان کی خارجہ امور کی وزارتوں کے ایڈیشنل سیکریٹریز کی سطح پر مذاکرات کے پہلے دورمیں ہوا۔
مذاکرات میں تجارت، ٹرانزٹ تعاون، سیکیورٹی اورزمینی رابطوں سمیت دوطرفہ دلچسپی کے اہم امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے اس بات پراتفاق کیا کہ دہشتگردی علاقائی امن وسلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، پاکستان نے افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث گروپوں کے خلاف بھرپوراقدامات پر زور دیا اورکہا کہ یہ گروہ پاکستان کی سلامتی کو متاثر کر رہے ہیں اور علاقائی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے علاقائی رابطے کی اہمیت کواجاگر کیا جوپائیدارترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے بہت اہم ہے۔
مذاکرات میں افغان باشندوں کی وطن واپسی سے متعلق اموربھی زیربحث آئے، پاکستان نے افغان باشندوں کوسفری دستاویزات کی فراہمی کی کوششوں سے آگاہ کیاجن میں جنوری سے اب تک علاج معالجے، سیاحت ،تجارت اورتعلیم سمیت دیگرکیٹگریزمیں پانچ لاکھ سے زائدافغان باشندوں کوویزے فراہم کیے گئے ہیں۔
فریقین نے سرحد کے آرپارقانونی آمدورفت کومزید فرو غ دینے پربھی اتفاق کیا۔