سفیر پاکستان احمد فاروق کے اعزاز میں سکائی کم کمپنی کے ایم ڈی چوہدری شفقت محمود کی جانب سے عشائیہ
چوہدری شفقت کو حال ہی میں فرزند پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا
جدہ — سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت، سکائی کم کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری شفقت محمود کی جانب سے سفیر پاکستان احمد فاروق کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیہ دیا گیا، جس میں ممتاز پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چوہدری شفقت محمود کو حال ہی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں “فرزند پاکستان ایوارڈ” سے نوازا گیا ہے، جس پر عشائیے میں شریک مہمانوں نے انہیں مبارکباد پیش کی اور کمیونٹی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس تقریب میں سفیر پاکستان احمد فاروق، قونصل جنرل خالد مجید، سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اکرم گجر، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اظہر وڑائچ، کشمیر کمیونٹی کے رہنما وقاص عنایت، معروف صنعت کار وحید ارائی، ممتاز سرمایہ کار نواز چوہدری، چوہدری ظہیر، کبابش فورم کے چیئرمین علی خورشید ملک، اور ممتاز صنعت کار و پاکستانی کمیونٹی کے ہر دل عزیز رہنما مسعود پوری نے بھی خصوصی شرکت کی۔
سفیر پاکستان احمد فاروق نے اپنے خطاب میں کمیونٹی کی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستانی مصنوعات کے لیے ایک بڑی منڈی ہے۔ حکومت پاکستان بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ہم دیانت، معیار اور اتحاد کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کریں۔
قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ قونصلیٹ جلد نئی عمارت میں منتقل ہونے جا رہی ہے، جو کمیونٹی کے لیے بہتر خدمات کی فراہمی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کی خدمت ہمارا مشن ہے، اور تمام شکایات کے حل کو ترجیح دی جاتی ہے۔
اس موقع پر کہا گیا کہ جدہ میں مقیم پاکستانی صرف ریال نہیں کماتے بلکہ وہ وطن کے لوگوں کے دکھ سکھ میں بھی شریک ہوتے ہیں۔ اس جذبے کی سب سے بڑی مثال ہزارہ میں کڈنی سینٹر حویلیاں کا قیام ہے جو خالد ضیا شریف زمان ،انجم منشاء انجنیئر ڈاکٹر خلیل اور ان کے ساتھیوں کی کاوش سے دکھ انسانیت کی خدمت کر رہا ہے ، جو بیرون ملک پاکستانیوں، بالخصوص جدہ سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں کے تعاون سے ممکن ہوا۔ اس فلاحی منصوبے نے علاقہ بھر کے عوام کو زندگی کی نئی امید دی ہے۔
تقریب کے دوران باہمی تعاون، تعلیم، تجارت اور فلاح عامہ پر بھی گفتگو ہوئی۔ مہمانوں نے چوہدری شفقت محمود کی میزبانی کو سراہا اور انہیں کمیونٹی کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ حالیہ دنوں سعودی عرب میں بعض پاکستانیوں کی جانب سے منشیات اسمگلنگ جیسے واقعات افسوسناک ہیں۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ چند افراد کی کوتاہی پوری قوم کی ساکھ کو متاثر نہ کر سکے۔
یہ تقریب نہ صرف سفارتی رابطوں کی مضبوطی کا مظہر تھی بلکہ اس نے واضح کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا بھر میں نہ صرف محنت کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں بلکہ قومی خدمت، فلاحی منصوبوں اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی صفِ اول میں شامل ہیں۔