وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آئندہ سال جنوری سے پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے، زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے، گروپ آرگنائزر سسٹم سے غیر قانونی طور پر عراق اور ایران جانے والوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ آرگنائزرز زائرین کی وطن واپسی کے ذمہ دار ہوں گے، ایران اور عراق بھی نئے نظام کے ساتھ ہیں، سب جانتے ہیں کہ اربعین پر لاکھوں زائرین عراق جاتے ہیں، عراقی حکومت جس طرح لاکھوں زائرین کی دیکھ بھال کرتی ہے وہ قابل تحسین ہے، زائرین سے متعلق عراق، ایران کو پاکستان کی جانب سے ہر ممکن کی یقین دہانی کرواتے ہیں، یکم جنوری 2026 کے بعد پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے، صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جا سکیں گے جنہیں سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی تہران پہنچ گئے، ایرانی ہم منصب نے استقبال کیا
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای جنگ کے دوران مضبوطی سے کھڑے رہے اور جرات کے ساتھ لیڈ کیا، آیت اللّٰہ خامنہ ای اور ایرانی عوام کو عظیم فتح پر مبارکباد دیتے ہیں، پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی کھل کر مذمت کی، پاکستانی زائرین کا خیال رکھنے پر ایران اور عراق کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی، وزیراعظم شہباز شریف متحرک رہے، یہاں موجود ایرانی سفیر آگاہ ہیں، جنگ کے دوران پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان اور ایران بھائی ہیں ہمیشہ بھائی رہیں گے۔