وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے قلات میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے۔ گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان مخالف ہے اور اس کے پیچھے بھارت کی مداخلت ہے۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق بھارت اپنی ہزیمت کی خفت مٹانے کے لیے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں کی سیف ہیونز کو ختم کر دیا جائے تو یہ کافی حد تک کنٹرول ہو جائیں گے لیکن جب تک بھارت دہشت گردوں کی پشت پر ہے انہیں زیرو کنٹرول پر لانا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے لیے فنڈنگ اور سپورٹ بھارت سے آتی ہے اور پاکستان میں بھارت دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں سرحد کی دوسری جانب موجود ہیں۔
انہوں نے سوات آپریشن کی طرز پر آپریشن کرنے کے بارے میں کہا کہ اگر ایسا کیا گیا تو لوگوں میں پریشانی کی لہر دوڑ جائے گی لیکن آپریشن کی صورت میں پوری آبادی کو علاقے سے نکالنا مشکل نہیں ہوگا۔
تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو پریشانی سے بچانے کے لیے سوات طرز کا آپریشن نہیں کیا جا رہا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے پوری دنیا کو شواہد پیش کیے ہیں کہ بھارت پاکستان میں پراکسی وار میں ملوث ہے۔