پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی، سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری انٹری دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکا میں بنگلادیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جہانگیر عالم چوہدری سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری سہولت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
پاک بنگلادیش وزرائے داخلہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کےشعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا گیا۔ انسداد منشیات و انسداد انسانی سمگلنگ کے لئے اشتراک کار بڑھانے ، انسداد دہشتگردی کیلئے مشترکہ اقدامات ، پولیس اکیڈمیز میں ٹریننگ پروگرامزکے باہمی تبادلوں پر گفتگو ہوئی۔
سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں دوطرفہ تعاون فروغ دینے کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ بنگلادیش کا اعلیٰ سطح کا وفد جلد اسلام آباد آئے گا۔
بنگلادیشی وزیر داخلہ نے پولیس ٹریننگ کی پیشکش پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ کو بنگلادیشی وزارت داخلہ پہنچنے پر گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا ۔