اتحاد علماء اہلسنت کلر سیداں کے زیر اہتمام عظیم الشان علماء و مشائخ کنونشن

کلر سیداں——-
اتحاد علماء اہلسنت کلر سیداں کے زیر اہتمام ایک تاریخی اور فقیدالمثال علماء و مشائخ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل بھر سے سینکڑوں جید علمائے کرام، مشائخ عظام، خطبائے اہل سنت اور دینی ذمہ داران نے شرکت فرمائی۔

کنونشن کا مقصد امام اہل سنت، مجددِ دین و ملت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا بریلویؒ کی تعلیمات و افکار کو عام کرنا اور نوجوان نسل کو فکرِ رضا سے جوڑنا قرار پایا۔ اس موقع پر 25 روزہ “امام اہل سنت کانفرنس” کے باقاعدہ انعقاد کا اعلان کیا گیا، جسے علمی و روحانی حلقوں میں بے حد سراہا گیا۔
مرکزی خطاب جانشین نیریاں شریف، سجادہ نشین آستانہ عالیہ، پیر طریقت حضرت الحاج پیر نورالعارفین صدیقی صاحب نے فرمایا، جس میں انہوں نے اعلیٰ حضرت کی علمی، فقہی اور روحانی خدمات پر مدلل اور پرجوش انداز میں روشنی ڈالی۔ ان کا خطاب شرکائے محفل کے دلوں کو گرما گیا اور شرکاء سے خوب داد وصول کی۔
اس موقع پر پیر طریقت حضرت پیر محمود احمد قادری صاحب کا بھی پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ جانشین شیخ الحدیث صاحبزادہ قاری تنزیل الرحمٰن جدون، مفتی ندیم احمد سیرانی، علامہ ساجد ہزاروی، قاری ریاض الرحمن، قاری عبدالجبار فدائی، علامہ بلال ظفر اور جملہ انتظامی کمیٹی کو کنونشن کے کامیاب انعقاد پر خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔
اختتام پر علامہ تنزیل الرحمٰن جدون نے تمام مہمانان گرامی اور شرکائے کنونشن کا پرخلوص شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتحادِ علماء اہلسنت کلر سیداں آئندہ بھی فکرِ رضا کے فروغ اور دینی وحدت کی فضا قائم رکھنے میں پیش پیش رہے گا۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس روح پرور کنونشن میں تحصیل کلر سیداں کی تمام یونین کونسلز کے علمائے کرام نے نمائندگی کی، جو اتحاد و اجتماعیت کی روشن مثال ہے۔