مذاکرات کامیاب،جماعت اسلامی اور پنجاب کے عوام بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہیں، لیاقت بلوچ،

لاہور:30 جولائی2025
جماعت اسلامی اور پنجاب حکومت کے درمیان دوروز تک جاری رہنے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ دونوں اطراف کے درمیان طے پایا ہے کہ حقوق بلوچستان لانگ مارچ کے شرکا لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج اور پڑاؤ ڈالیں گے اور اسی دوران وفاقی حکومت کی اعلی سطحی کمیٹی امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن اور ان کی ٹیم سے لانگ مارچ کے مطالبات پر مذاکرات کرے گی۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی جماعت کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، امیر بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن، اور صوبائی وزرا سلمان رفیق صہہب بھرتھ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس۔ اس موقع پر پنجاب کے امیر جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیاالدین انصاری بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس میں لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اور پنجاب کے عوام بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہیں اور صوبہ کے حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مریم اورنگ زیب نے بتایا کہ لانگ مارچ کے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے وفاقی وزراء محسن نقوی، جام کمال، عطاتارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، وزیرمملکت طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سپیشل سیکرٹری پر مشتمل کمیٹی کام کریگی۔
انہوں نے کہا مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں وفد اسلام آباد میں حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کرے گا اور پنجاب حکومت تمام عمل میں سہولت کاری کرے گی۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، لیاقت بلوچ، امیرالعظیم اور مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کی پنجاب حکومت بلوچستان کے عوام کے مطالبات کے حق میں ہے۔ انہوں نے پنجاب میں داخلہ کے بعد لانگ مارچ کے شرکا کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ بلوچستان کے بھائیوں کو آئندہ کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو اور یہ کہ تمام افراد پنجاب کے مہمان ہیں۔
لیاقت بلوچ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مریم نواز شریف نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے جس طرح بلوچستان کا دورہ کیا اور خصوصی طور پر لاپتہ افراد کے حق میں آواز بلند کی اسی جذبے کے ساتھ وہ بطور وزیراعلی پنجاب بھی بلوچستان کے لیے آواز اٹھاتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے تمام مسائل کا سیاسی حل چاہتی ہے جس کے لیے قومی ڈائیلاگ وقت کا تقاضا ہے۔
امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے بہن بھائیوں کے ساتھ ہے، صوبہ کے عوام کو ان کا حق دیا جائے، یہی قیام امن کا واحد راستہ ہے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن چاہتے ہیں، صوبہ کے وسائل پر ان کا حق تسلیم کیا جائے۔ سرحدی تجارت کو بحال کرکے اسے قانونی درجہ دیا جائے، بلوچستان میں سیکیورٹی کے نام پر عوام کی تذلیل نہ کی جائے۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر افراد کو رہا کیا جائے، لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکمران صوبہ کے عوام کے آئینی و جمہوری مطالبات کو تسلیم کریں گے۔