اسلام آباد —— جماعت اسلامی پاکستان اسلامی اقدار اور روایات کی امین جماعت ہے۔ ہماری اقدار وہی ہیں جو شریعت نے متعین کی ہیں، اور روایات کے معاملے میں ہم شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے معروف کی پیروی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عفت سجاد نے حلقہ اسلام آباد کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی امانت ہے کہ کسی بھی سطح پر ذمہ دار فرد، جس کام پر وہ مامور ہے، اس کو سرانجام دینے کے لیے دوسرے افراد کو تیار کرے۔ قیادت صرف خود کام کرنے کا نام نہیں بلکہ دوسروں کو ساتھ لے کر چلنا، ان کی تربیت کرنا اور قیادت کے لیے تیار کرنا بھی اس کی ذمہ داری ہے۔اجتماع میں رکن مرکزی شوریٰ زبیدہ اصغر نے “اقدار و روایات” کے عنوان سے مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان نے تحریک کے آغاز میں جو روایات قائم کیں، وہ بے مثال ہیں۔ ایسے ادوار میں جب کارکنان کی قلت تھی، کئی افراد نے ایک شہر سے دوسرے شہر صرف تحریک کی دعوت کے لیے ہجرت کی۔ انہوں نے اپنے گھروں کو دعوتی مراکز بنایا، دوسرے شہروں سے آنے والے مہمانوں کے لیے دروازے کھولے اور اپنی گاڑیاں تحریک کے لیے وقف رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کئی تحریکی ساتھیوں کے بیٹے، جو آج ڈاکٹر اور انجینئر بن چکے ہیں، جماعت کی خواتین کارکنان کے لیے ہر طرح کی خدمات سر انجام دیتے رہے۔ یہ سب کچھ اس مقصد کے لیے کیا گیا کیونکہ ہم اللہ سے وعدہ کر چکے ہیں کہ اقامتِ دین ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔سینیٹر ڈاکٹر کوثر فردوس نے مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی تحریکی زندگی میں سب سے زیادہ سیکھا خیرخواہی سے بھرپور تنقید سے، اور یہی ہماری تحریک کی مضبوط روایت ہے۔سینیئر رکن جماعت عالیہ سعید نے کہا کہ وسائل اور گاڑیوں کی کمی نے کبھی ہمارے کام کو نہیں روکا۔ ہم نے ہمیشہ اخلاص، ایثار اور جذبے سے کام کیا۔ناظمہ حلقہ قدسیہ ناموس نے “منصوبۂ عمل” کی تفہیم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تحریک کے لیے منزل تک رسائی واضح منصوبہ بندی کے بغیر ممکن نہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان نے ابتدا ہی سے دعوتِ دین کے مشن کے لیے ایک واضح اور عملی پلان اپنایا، جسے زمینی حقائق کے مطابق کئی مرحلوں میں کارکنان تک پہنچایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا وژن آئینی اور پرامن جدوجہد کے ذریعے اسلامی انقلاب برپا کرنا ہے۔ تنظیمِ نو کا عمل 2024 سے جاری ہے، جس کے تحت جماعت نوجوانوں کو قیادت کی ذمہ داریوں کے لیے تیار کر رہی ہے۔اجتماع ارکان میں نائب ناظمہ حلقہ عطیہ طیب نے ارکان کو منصوبہ عمل مکمل وضاحت کے ساتھ سمجھایا۔اجتماع کے اختتام پر تحریک سے وابستہ کارکنان اور ان کے مرحوم عزیزوں کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا#
