پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق برابری کی بنیاد پر محفوظ ہیں، لیاقت بلوچ

مِلی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور نائب صدور قاری یعقوب شیخ، پیر صفدر گیلانی، علامہ شبیر میثمی، سید ناصر شیرازی، علامہ زاہد محمود قاسمی، مخدوم ندیم ہاشمی، علامہ عارف حسین واحدی، ڈاکٹر عطاء الرحمن، ڈاکٹر ضمیر اختر خان، خرم نواز گنڈاپور، حافظ عبدالغفار روپڑی، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر سید علی عباس نقوی، اسداللہ بھٹو اور عبداللہ حمید گل نے مشترکہ بیان میں اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق برابری کی بنیاد پر محفوظ ہیں۔ اکثریت اور اقلیتوں کی پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے یکساں خدمات، ایک خواب، ایک منزل اور ایک ہی شناخت ہے کہ ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی، تعلیم، کھیل اور ہر شعبہ زندگی میں اقلیتوں کا کردار قابلِ فخر ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقیدوں کے مطابق عبادت گاہوں اور اُن کے مقدسات کی حفاظت ریاست بالخصوص دینی جماعتوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ آئینِ پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بنیادی حقوق سے متعلق پروٹوکولز پر عملدرآمد وفاقی اور صوبائی حکوتوں کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے اسلامی نظریاتی فلاحی اور انقلابی کردار کو ختم کرنے کے لیے دشمن کے آلہ کار عناصر اور نادان دوست فساد کا ذریعہ بنتے ہیں۔ بھارتی جارحیت کا پہلے بھی پوری قوم نے بُنیانُ مـرصوص بن کر منہ توڑ جواب دیا تھا اور آئندہ بھی بھارتی فاشزم اور جارحیت کا اللہ کی مدد سے دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
نائب امیر جماعت، اسلامی و سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ لاہور میں مرکزی قومی ایکشن کمیٹی کے بھرپور اجلاس میں سفارشات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ تحفظِ ناموسِ رسالتؐ، امتناعِ قادیانیت قانون اور قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دینے کے آئینی فیصلہ کی ہر قیمت ہر حفاظت کی جائے گی۔ سیکولر، اباحیت زدہ، مادر پدر آزاد، دین بےزار قوتیں اپنے اندرونی خلفشار اور بیرونی اشاروں پر پاکستان کی اسلامی نظریاتی اور باحیا و باوقار تہذیب پر حملہ آور ہوتی ہیں۔ قومی ایکشن کمیٹی نے اتفاق کیا ہے کہ شعائرِ اسلام کے تحفظ سیمینارز لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں منعقد کیے جائیں گے۔ کشمیر و فلسطین کے حوالے سے مساجد، منبر و محراب کانفرنسوں، سیمینارز کے ذریعے اتحادِ اُمت کے جذبہ سے آواز اُٹھائی جاتی رہے گی۔ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مجلس وحدتِ مسلین کے زیراہتمام اسلام آباد میں خاتم الانبیاء، پیغمبرِ اسلام کی اُمت کے اتحاد کے لیے قومی کانفرنس منعقد ہوگی۔ عالمی مجلس تحفظِ ختمِ نبوتؐ کی میزبانی میں مِلی یکجہتی کونسل کی قیادت ختمِ نبوتؐ کانفرنسوں میں شرکت کرے گی۔ رابطہ علماء و مشائخ، تحریکِ حرمتِ رسولؐ آزادی اور استحکامِ پاکستان کانفرنسوں کا اہتمام کرے گی۔ جمعیت علمائے پاکستان رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔ قومی ایکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت لیاقت بلوچ نے کی اور پیر صفدر گیلانی، قاری یعقوب شیخ، علامہ زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، می آصف اکبر، علامہ رضاء الحق، وحید شاہ، نذیر احمد جنجوعہ، لطیف الرحمن شاہ، علامہ شبیر قادری، اور وکلاء، ماہرین کے علاوہ پیر جلیل شرقپوری، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے خصوصی شرکت کی۔#