اسلام آباد—–الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنے ملک گیر فلیگ شپ منصوبے “بنو قابل پروگرام 2.0” کو اسلام آباد میں لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔ستمبر کے آغاز میں اسلام آباد شہر میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد ہوگا۔جمعہ کے روز چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی بنو قابل زبیر صفدر کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف ورکنگ کمیٹیز تشکیل دی گئیں جن میں رجسٹریشن ،ٹیکنیکل، میڈیا اینڈ مارکیٹنگ کمیٹیز شامل ہیں۔طے پایا کہ ماہ ستمبر میں لانچنگ سرمنی کے ساتھ ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ کا انعقاد بھی ہوگا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی اسلام آباد و کنوینئر بنو قابل نصراللہ رندھاوا ،صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد الطاف شیر ، سیکرٹری الخدمت طیب صدیقی و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے بعد ازاں ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنو قابل پروگرام ہر اس نوجوان کے لیے ہے جو خواب دیکھتا ہے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان ہنر سیکھ کر نہ صرف اپنے مستقبل کو سنواریں بلکہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو ویب ڈویلپمنٹ ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، گرافک ڈیزائننگ ، مصنوعی ذہانت ، ایپ ڈویلپمنٹ جیسے عالمی معیار کے کورسز بالکل مفت فراہم کرے گا۔ اس کے ذریعے نوجوان فری لانسنگ ، آن لائن کاروبار اور جدید صنعتوں میں اپنا مقام بنا سکیں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
اسلام آباد میں اس پروگرام کی شاندار لانچنگ تقریب ستمبر 2025 میں منعقد ہوگی، جس میں آئی ٹی ماہرین، سماجی رہنما، پالیسی ساز اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔رجسٹریشن اور دیگر مراحل کے لیے جلد طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔