نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کرباٹھ بیدیاں روڈ پر بڑے ممبرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، طوفانی بارشوں اور تباہ کُن سیلابی ریلوں نے بڑے نقصانات اور تباہی مچائی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی پر دُنیا سے امداد لینے کے دعوے، سیمینار اور شور شرابہ تو کیا جاتا ہے لیکن حکمران اور متعلقہ سرکاری ادارے قوم کو جواب دیں کہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے اب تک آن گراؤنڈ کیا کیا اقدامات کیے ہیں؟ ناجائز تجاوزات اُسی وقت ہوتی ہیں جب ضلعی، صوبائی محکمے، پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار رشوت، کرپشن اور سنگ دِلی کی بنیاد پر ناجائز کام کی سرپرستی کرتے ہیں۔ بونیر، سوات، شانگلہ، دیر، ہزارہ ڈویژن، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں طوفانی بارشوں اور تباہ کُن سیلابی ریلوں سے ہونے والی تباہی، قیمتی انسانی جانوں اور مال و اسباب کے ضیاع پر پوری قوم افسردہ ہے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے کمربستہ ہے۔ جماعتِ اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار سیلاب زدہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں، طبی امداد، شیلٹر کی فراہمی کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن براہِ راست اِن امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے دانش ور، محقق عرفان جعفر کی جانب سے ناشتہ نشست پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعمیری اور قومی جذبوں کو مہمیز دینے کےلیے تعمیری اسلوب، شاعری بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ غزہ فلسطین، مقبوضہ جموں و کشمیر میں یہود و ہنود کا ظلم تعمیری ادب اور انقلابی پیغام کے لیے مضبوط میدان ہے۔ استعماری اور بالادستی کے تکبر میں مبتلا قوتوں کو بےنقاب کرنے اور عوام میں اپنے حقوق کے حصول کے یے مزاحمتی جذبہ بیدار کرنا تعمیری ادب سے وابستہ شاعری اور نثرنگاری قائدین کے لیے بڑا مِلی ٹاسک ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام 78 سال سے بھارتی فاشزم، نسل کُشی اور ظلم و جبر کا استقامت کیساتھ مقابلہ کررہے ہیںَ کشمیریوں نے ہمیشہ آزادی، حقِ خودارادیت کے حصول اور بھارتی ناجائز تسلط اور قبضہ و جارحیت کے مقابلہ میں مسلسل جدوجہد کی ہے۔ بھارتی قیادت اور پالیسی ساز اب تسلیم کرلیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر اُن کا قبضہ ناجائز اور خطہ میں عدم استحکام کی واحد وجہ ہے۔ بھارتی ناجائز، متکبرانہ ذہن ہندوستان اور پاکستان میں علیحدگی پسندی اور شدت پسندی کے رُجحانات کو تقویت دے رہا ہے۔ جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضہ اور ظلم و ستم خود بھارت کو لے ڈوبے گا۔
لیاقت بلوچ نے ضلعی، زونل سیاسی کمیٹی کے صدر اور کمیٹی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادوں کی سیاست کا دور فی الحال گذر گیا ہے، اب قومی ترجیحات اور کم از کم جمہوری ایجنڈے پر قومی قیادت کو اتفاق کرنا ہوگا۔ جماعتِ اسلامی نے سیاسی بحرانوں سے نجات کے لیے 12 نکاتی قومی ایجنڈا دیا ہے۔ ہائبرڈ نظام کی زہریلی جڑیں آئین، عدلیہ، پارلیمانی اور انتخابی نظام کے لیے انتہائی خطرناک ہوتی جارہی ہیں۔ عوامی مسائل گھمبیر ہورہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں لوگ خطِ غربت سے نیچے جارہے ہیں۔ ضلعی اور زونل سیاسی اور انتخابی کمیٹیاں عامی مائل پر عاوم کی آواز بنیں اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے طاقت ور آواز بن کر گلی کوچوں سے بااختیار بلدیاتی نظام کا مطالبہ منظم کیا جائے۔ اِس موقع پر ضیاء الدین انصاری، انجینئر اخلاق احمد، اظہر بلال، میاں خبیب قدیر، احمد سلمان بلوچ، چوہدری محمد اعجاز، زبیر صدیقی، وقار ندیم وڑائچ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔#
