فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متاثرہ علاقوں میں سرگرم پاک فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں سے ملاقات

سوات / بونیر / شانگلہ:وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا، متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کیے۔

دونوں رہنما سب سے پہلے سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیر مقام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

سوات کے بعد وفد بونیر، شانگلہ اور صوابی کے متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ ہوا، جہاں انہوں نے فضائی جائزہ لیا اور زمینی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کو ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

بعدازاں بونیر میں وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور انہیں امدادی چیکس فراہم کیے۔ انہوں نے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہے اور بحالی کے عمل کو تیز تر بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں تجاوزات، غیر قانونی کان کنی اور کرشنگ جیسی سرگرمیاں نقصان کی بڑی وجہ بنتی ہیں، جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام قومی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ علاقوں کی جلد بحالی یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی متاثرہ علاقوں میں سرگرم پاک فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا بے لوث جذبہ قابلِ فخر ہے۔