وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت سمیت چار جنگیں روک کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی صدر کی روس-یوکرین اور غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں بھی کامیاب ہوں گی۔
یہ بات محسن نقوی نے امریکی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاک امریکہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور منشیات کے خلاف تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نے وزیر داخلہ کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد دی اور خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرا افسوس ظاہر کیا۔
محسن نقوی نے امریکی صدر کی عالمی امن کے لیے مخلصانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تاریخ میں کوئی ایسا لیڈر نہیں جس نے ہزاروں جانوں کو تباہی سے بچایا ہو۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان امن کے لیے ہر قدم کا خیرمقدم کرتا ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان امریکہ کا اہم دوست ملک ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔