لاہور اور پیرس کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے لاہور اور پیرس کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیرس سے لاہور کیلئے آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی۔

پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سے پیرس کیلئے آخری پرواز 17 ستمبر کو چلائی جائے گی جبکہ اسلام آباد سے پیرس تک دو طرفہ فلائٹ آپریشن فعال رہے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ آپریشنل فلیٹ ستمبر اور اکتوبر میں طیاروں کی تزئین و آرائش کیلئے محدود رہے گا۔ قومی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل 12 بوئنگ 777 میں سے 7 طیارے پہلے ہی گراؤنڈ ہیں اور پی آئی اے ان طیاروں کو سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ پی آئی اے کے طیارے کے پیرس میں گراؤنڈ ہونے سے قومی ایئرلائن کو ہزاروں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بوئنگ 777 طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث طیارے کو پیرس ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کیا گیا، طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پیرس سے لاہور اور اسلام آباد کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا، ہزاروں ڈالر کے نقصان کے علاوہ پاکستان جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔