اسلام آباد —– پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر افتخار چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں دیے گئے سول اور دیگر حکومتی سول اعزازات کی ازسرِ نو جانچ پڑتال کی جائے گی انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جارہی ہے‘ جو تمام اعزاز یافتگان کو نوٹس جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اعزاز یافتگان کو اپنی کارکردگی اور خدمات کے ثبوت کمیٹی کے سامنے پیش کرنا ہوں گے، بصورت دیگر غیر تسلی بخش پائے جانے پر ان کے اعزازات منسوخ کر دیے جائیں گے۔ فیصلہ سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا اور متعلقہ افراد کو 24 گھنٹے کے اندر اعزاز واپس جمع کرانے کی ہدایت کی جائے گی۔ انکار یا تاخیر کی صورت میں یہ عمل سرکاری مال ہڑپ کرنے کے مترادف سمجھا جائے گا اور ان کے خلاف گرفتاری اور برآمدگی کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔انجینئر افتخار چوہدری نے کہا کہ سابق ادوار میں احمد فراز سمیت کئی شخصیات کے اعزازات بھی منسوخ ہو چکے ہیں۔ اس مرتبہ بھی کسی قسم کی سفارش یا رعایت نہیں برتی جائے گی کیونکہ قانون کے تحت حلف میں ”بلا رغبت و رعایت” کا لفظ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ افراد جنہیں موجودہ حکومت نے عمران خان ان کی اہلیہ اور بہنوں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے پر اعزازات دیے، ان کے دن گنے جا چکے ہیں اور جلد ہی انہیں اپنے کئے کی سزا بھگتنا ہوگی
