اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی جب کہ یکم ستمبر سے ای او بی آئی پنشنرز کو بقایاجات سمیت ادائیگی کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافے کے بعد کم از کم پنشن 10 ہزار سے بڑھا کر ساڑھے 11 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ یکم ستمبر سے ای او بی آئی پنشنرز کو بقایاجات سمیت ادائیگی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی ماہانہ پنشن کی مد میں 10 ارب روپے جاری کرے گا جبکہ طویل سروس رکھنے والے پنشنرز اب 30 ہزار روپے ماہانہ سے زائد پنشن حاصل کر سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے غیر رسمی شعبے، گھریلو ملازمین اور زرعی مزدوروں کو ای او بی آئی میں شامل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

واضح رہے کہ جون میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد، پینشنرز کی پینشن میں 20 فیصد اضافے، کم از کم ماہانہ اجرت 50 ہزار روپے اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کی پینشن 23 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارشات پیش کی تھیں۔

قائمہ کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں 7 فیصد کے بجائے 20 فیصد اضافہ کیا جائے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد کے بجائے 50 فیصد اضافہ کیا جائے۔