راول ڈیم کے اسپل ویز کھلنے سےکورنگ نالہ میں پانی کےبہاؤ میں اضافہ ہوگ

پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور 5 ستمبر تک راوی، ستلج اورچناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فلڈفورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائےچناب میں تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی پر اونچےدرجےکاسیلاب ہے، دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور بہاؤ 5 لاکھ 16 ہزارکیوسک ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے ریلیف کمشنر کا بتانا ہے 5 ستمبر تک راوی، ستلج اورچناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جب کہ بالائی علاقوں میں بارشوں سے دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب فلڈفورکاسٹنگ ڈویژن کا بتانا ہے کہ تربیلاڈیم 100 فیصد اور منگلاڈیم 83 فیصد بھرچکاہے، تربیلا ڈیم کا لیول 1549.78 فٹ جب کہ منگلاڈیم 1226.50 فٹ ہے۔راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.70 فٹ پر پہنچ جانے کے بعد ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ ڈیم کے اسپل ویز صبح 7 بجے کھولے گئے اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کردیا تھا۔این ڈی ایم اے کے مطابق راول ڈیم کے اسپل ویز کھلنے سےکورنگ نالہ میں پانی کےبہاؤ میں اضافہ ہوگا اور عوام پانی کا بہاؤ تیز ہونے پرنالہ اورنالے پر بنے عارضی پل عبور نہ کریں۔