مون سون سیزن میں اب تک 910 افراد جاں بحق اور 1044 افراد زخمی ہوئے،

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے کہا ہے کہ مون سون سیزن میں اب تک 910 افراد جاں بحق اور 1044 افراد زخمی ہوئے، گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے نے مون سیزن میں بارشوں، سیلاب اور ان سے جڑے حادثات و واقعات میں جاں بحق اور زخمیوں کے اعدادوشمار جاری کردیے جن کے مطابق 26 جون سے لے کر اب تک 910 افراد جاں بحق اور 1044 زخمی ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 442 افراد دریائی سیلاب، 252 لوگ گھر گرنے، اور 65 افراد ڈوبنے سے جان سے گئے، جب کہ 57 لوگ سیلاب آنے اور موسلادھار بارشوں سے 11 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 25 افراد لینڈ سلائیڈنگ، 23لوگ کرنٹ لگنے، اور 26 افراد آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے اعدادوشمار کے مطابق مزید 7 افراد سیلاب اور بارشوں کے باعث مختلف وجوہات کی بنا پر جان سے گئے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر پنجاب میں 234 افراد، خیبرپختونخوا میں 504 ، سندھ میں 58 ، اور بلوچستان میں 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اسی طرح گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 38 اور اسلام آباد میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک 654، خیبرپختونخوا میں 218، سندھ میں 78، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 52 ، آزاد کشمیر میں 34 ، اور اسلام آباد میں 3افراد زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے اب تک 7850 گھر متاثر ہوئے ہیں ان میں سے 5905 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 1945 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ دوران مون سون اب تک 6180 مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے، ان میں سے 2 افراد کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے ملاکنڈ اور ایک کا تعلق پنجاب کے علاقے منڈی بہاء الدین سے ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 2 گھروں کو نقصان پہنچا۔