اسلام آباد—–امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ امریکہ قطر میں حماس پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں ملوث ہے ، دھوکے سے حماس کی قیادت کو شہید کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، افسوس امت مسلمہ کے حکمران امریکہ کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں،ہمارے حکمرانوں کو ٹرمپ کو عالمی امن انعام کے لیے نامزدکرنے پرشرم آنی چاہیے۔ حکومت ٹرمپ کو نامزد کرنے کا فیصلہ واپس لے اور قوم سے معافی مانگے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمان کی کال پر قطر میں حماس رہنماوں پر اسرائیل فضائی حملے کے خلاف جماعت اسلامی اسلام آباد نے آبپارہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں ہر طبقہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مظاہرین نے جماعت اسلامی اور فلسطین نے پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ مظاہرین نے بینر اٹھارکھا تھا جس پر حملوں سے حماس کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ لکھا ہوا تھا ۔ مظاہرین نے فلسطینیوں سے رشتہ کیا حماس سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ ،اسرائیل کا ایک ہی علاج الجہاد الجہاد کے نعرے لگائے ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ آج مظاہرہ کرکے ہم اپنا فرض ادا کر رہے ہیں ۔جب پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی تو اسی وقت فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف قرار داد بھی منظور ہوئی تھی ۔ اسرائیل ناجائز ریاست ہے ۔ اسرائیل کے قیام کے بعد فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کیا گیا ۔ فلسطینیوں کو اقلیت میں بدلا گیا غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کیا گیا ۔ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل کا چیلنج کیا اور اس کی تمام ٹیکنالوجی کو خاک میں ملادیا ۔ غزہ میں وہ مظالم کئے جارہے ہیں جو تاریخ میں نہیں ملتے ہیں ۔اسرائیل نے غزہ میں 70ہزار سے زائد لوگوں کو شہید کردیاہے جن میں 70فیصد سے زیادہ بچے اور خواتین ہیں ۔ غزہ کے مظلوموں کے لیے مغرب میں بھی بڑے مظاہرے کئے گئے اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا عالمی عدالت انصاف نے اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ جاری کئے گئے مگر امت مسلمہ کے حکمران خاموش رہے ۔ افسوس امت مسلمہ کے حکمران امریکہ کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں،ہمارے حکمرانوں نے ٹرمپ کو عالمی امن انعام کے لیے نامزد کیا ہے۔اس نامزدگی پر ہمارے حکمرانوں کوشرم آنی چاہیے۔ حکومت ٹرمپ کو نامزد کرنے کا فیصلہ واپس لے اور قوم سے معافی مانگے ۔ گلوبل صمود فلوٹیلا بھی غزہ کی طرف جارہاہے ۔ حکومت بتائے فلوٹیلا میں ان کا کیا حصہ ہے ۔ غزہ کے حوالے سے حکومت کو عوام کے سامنے جھکنا پڑے گا ۔حماس کے رہنماؤں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھا کر حملہ کردیا جاتا ہے ۔ امریکہ قطر میں حملے میں ملوث ہے ۔ دھوکے سے حماس کی قیادت کو شہید کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ۔ہم امریکہ اور تمام حکمرانوں کی مذمت کرتے ہیں جو اس حملے میں ملوث ہیں ۔ اسرائیلی اسپیکر نے کہاہے کہ قطر پر حملہ پوری جی سی سی ممالک لیے پیغام ہے کہ ہم کسی پر بھی حملہ کرسکتے ہیں۔ امت مسلمہ کے حکمران مل کر اسرائیل کا مقابلہ کریں ۔ پاکستانی عوام غزہ اورفلسطینیوں کے ساتھ ہے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد قاری نور الرحمن نے کہاکہ اسرائیل دہشت گرد ہے اور قطر میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں ۔ اسرائیل کے ساتھ امریکہ بھی حماس پر حملے میں ملوث ہے ۔ صدرجماعت اسلامی یوتھ اسلام آباد صہیب عثمان نے کہاکہ ہم اسرائیل اور امریکہ کی مذمت کرتے ہیں ہمیں اسرائیل کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا ۔ مقررین نے کہاکہ اسرائیل سب کے سامنے فلسطینیوں کی نسل کشی کررہاہے ۔ مسلم امہ اس پر خاموش ہے اب اسرائیل نے قطر پر بھی حملہ کردیا ہے اسرائیل صلح نہیں کرنا چاہتا ہے
