اسلام آباد —– امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور سیکرٹری جنرل اقبال خان نے قطر میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ننگی صہیونی جارحیت اور بدترین دہشت گردی قرار دیا ہے، قطر پر حملہ اس کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کی خلاف ورزی ہے، اور یہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے، انھوں نے کہا امریکی اشیر باد سے اسرائیلی کاروائیوں پر اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی اور خاموشی مجرمانہ طرز عمل ہے اور ان کی اسی خاموشی کی وجہ سے اسرائیل اسلامی ممالک کی خودمختاری کی دھجیاں اڑاتے ہوئے انہیں نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل نے حماس کی مذاکراتی ٹیم پر حملہ کیا جس سے جنگ بندی کے لیے عالمی برادری کی تمام کاوشوں کو سبوتا ژکیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انھو ں نے امیر جماعت اسلامی کی کال پر شمالی پنجاب کے مختلف شہروں میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں اور میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم اور اقبال خان نے کہادوحہ پر اسرائیلی حملہ ننگی صہیونی جارحیت، حماس قیادت پر حملہ انتہائی بزدلانہ کاروائی ہے،اسرائیل کی جارحانہ کارروائیاں خطے کو خون میں نہلانے اور مزید تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہیں،جماعت اسلامی اور پاکستانی عوام فلسطینی عوام اور ان کی قیادت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں اور یہ باور کراتے ہیں کہ ظلم و بربریت کے ذریعے آزادی کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، انھوں نے کہا اسرائیل کا طرز عمل بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،حماس قیادت پر حملہ امریکہ کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا،غزہ، ایران کے بعد اب قطر پر حملہ اسلامی ممالک کو جان لینا چاہیے کہ کل ان کی باری بھی آسکتی ہے، مسلم حکمران اور جرنیلوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو امت اور تاریخ انہیں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
