اسلام آباد———- الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گجرات کی جانب سے سیلاب متاثرہ ایک ہزارخاندانوں میں ستر لاکھ روپے مالیت کے ونٹر پیکج تقسیم کر نے کی پروقار تقریب گزشتہ روز منعقد ہو ئی، جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم تھے، جبکہ تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکیٹ، الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گجرات کے صدر راجہ ساجد شریف،نائب امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات چوہدری غلام عباس وڑائچ ایڈووکیٹ راجہ نعیم خاور پاکستان بزنس فورم گجرات کے صدر حاجی محمد اسلم جاوید، ڈاکٹر اسحاق، چوہدری صفدر وڑائچ و دیگر بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا الخد مت فاونڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضا کار سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہلے دن سے ہی مصروف عمل ہو گئے تھے،جماعت اسلامی اور الخد مت فاونڈیشن کے رضا کاروں نے بلا تفریق متاثرہ افراد کو ریسکیو، میڈیکل سہولیات، تیار کھانا، ادویات، خشک راشن فراہم کیا اور اب سرد موسم سے قبل ہی متاثرین کے لیے گرم بستر فراہم کر دیے ہیں، انھوں نے کہا ہم اس موقع پر پنجاب حکومت اور چار دہائیوں سے گجرات پر برسراقتدار خاندان سے سوال کرتے ہیں کہ گجرات کی تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟، پنجاب حکو مت اور بر سہا برس سے یہاں حکمرانی کر نے والوں نے گجرات سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے، عوام ان کا یہ سلوک ہمیشی یاد رکھیں گے، انھوں نے کہا الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گجرات سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک خد مت خلق کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
