پاکستان ورکرز فیڈریشن کی مرکزی قیادت میں ساٹھ فیصد نوجوان اور خواتین شامل

اسلام آباد—- ایف ای ایس ایشیا پیسیفک کے ڈیسک آفیسر برادر بینی ڈکٹ، ایف ای ایس پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر برادر فلیکس، پروگرام ڈائریکٹر عبداللہ دایو نے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری اور قائد مزدور چوہدری محمد یسین، پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود، چوہدری اسد الرحمن عاصی، واجد گجر، سلیم بھٹی، محمد سرفراز ملک، چوہدری بلال، ارشاد بی بی، چوہدری اظہر لطیف، زاہد کاٹھیا، شاہد ستی، گوہرالہی، حاجی جنید، فاروق نور سمیت عہدیداران سے خصوسی ملاقات کی۔ اس موقع پر قائد مزدور چوہدری محمد یسین نے وفد کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن اور ایف ای ایس کے دیرینہ تعلقات ہیں اور دونوں تنظیمیں پاکستان کے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں جس کے مزدوروں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایف ای ایس نے پاکستان کی مزدور تحریک میں نوجوانوں اور خواتین کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان ورکرز فیڈریشن کی مرکزی قیادت میں ساٹھ فیصد نوجوان اور خواتین شامل ہیں۔ پاکستان میں مزدوروں کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ اداروں کی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ سے ملازمین بے روزگار ہور ہے ہیں اور مزدور تحریک کمزور ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں سی ڈی اے انتظامیہ نے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی نجکاری کے لیے ٹینڈر جاری کیے ہیں، جس پر سینی ٹیشن ملازمین سخت بے چینی کا شکار ہیں اور اس آؤٹ سورسنگ سے 1700 خاندان متاثر ہوں گے۔ سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے، اور ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ مسلسل لبیر قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور ملازمین کے حوالے سے فیصلوں پر سی بی اے کو اعتماد میں نہیں لے رہی، لیکن ہم انشاء اللہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ ہر پلیٹ فارم پر کریں گے اور کسی صورت سینی ٹینی کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ اس سلسلے میں ہم بین الاقوامی تنظیموں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے سی ڈی اے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انھوں نے ایف ای ایس کے 100 سال مکمل ہونے پر کنٹری ڈائریکٹر کو مبارکباد پیش کی۔ اور یقین دلایا کہ انشاء اللہ پاکستان ورکرز فیڈریشن اور ایف ای ایس ملکر مزدوروں کی خدمت جاری رکھیں گے۔ ایف ای ایس کے کنٹری ڈائریکٹر برادر فلیکس اور ایشیا پیسیفک کے ڈیسک آفیسر برادر بینی ڈکٹ نے پاکستان ورکرز فیڈریشن اور سی ڈی اے مزدور یونین کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہمیں بڑی خوشی محسوس ہوئی ہے کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن میں نوجوان قیادت کاجمہوری اور قانونی طریقے سے انتخاب ہوا ہے۔ ایف ای ایس نے ہمیشہ مزدورں کی بہتری اور ان کے حالات کار بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ پاکستان میں لیبر اکیڈمی سمیت بہت سارے ایسے پراجیکٹ ہیں جس سے مزدوروں کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے۔ جس ک مقصد نوجوان قیادت کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت دی جائے۔ مستقبل میں بھی ایف ای ایس پاکستان ورکرز فیڈریشن کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھے گی، انھوں نے سی ڈی اے سینی ٹیشن کی نجکاری پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور قیادت کو یقین دلایا کہ ایف ای ایس بھرپور تعاون کرے گی۔ آخر میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی۔