نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات فی لٹر پر حکومتی لیوی بھتہ کا خاتمہ، آئی پی پیز کا اندھا کنواں جس میں قومی خزانہ غرق ہورہا ہے، اِس کا خاتمہ جماعتِ اسلامی کا اٹل دوٹوک فیصلہ ہے۔ پیداواری لاگت کم ہوگی، عوام پر ناجائز حکومتی مالی بوجھ کا سدِّباب ہوگا تو قومی معاشی پہیہ چلے گا۔ زراعت، صنعت، تجارت، گھریلو صنعت ترقی کرے گی، قومی محصولات کی جائز وصولی ہوگی اور عوام حکومتی ریاستی ڈاکہ زنی سے محفوظ ہونگے۔ حکمران یہ تو کہتے ہیں کہ ٹیکس چوری ہے، ٹیکس کی مکمل وصولی نہیں، اِس کے ذمہ دار سرکاری محکمے ہیں، وفاقی اور صوبائی محکمے خود ٹیکس دہندگان کو کرپشن کے جال میں پھنساتے ہیں۔ چوری، کرپشن، رشوت کا پیسہ لے کر وفاقی اور صوبائی خزانوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ جاتا ہے۔ حکومت نے پٹرول کے ریلیف پیکج کے نام پر مشکل ترین کام میں اُلجھاکر صارفین کو مزید پریشان کردیا ہے۔ جماعتِ اسلامی کا پٹرولیم لیوی خاتمہ کا مطالبہ اور متبادل تجاویز قومی معیشت کو بحرانوں سے نکالنے کا لائحہ عمل ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف جماعتِ اسلامی کے احتجاج، لانگ مارچ اور عوامی جذبات کو حکومتی فیصلہ کےلئے طاقت بنائیں، ڈانواڈول حکومت کو استحکام آئے گا اور قومی معیشت ناقابلِ برداشت پیداواری لاگت سے نجات پائے گی۔
لیاقت بلوچ نے میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جواب میں کہا کہ جماعتِ اسلامی کا پٹرول لیوی بھتہ خاتمہ کےلئے احتجاج پُرامن سیاسی، جمہوری، آئینی جدوجہد ہے، یہ طویل جدوجہد ہے، اگر ٹکراؤ اور دھینگا مُشتی کرنا ہو تو یہ بہت آسان کھیل ہے؛ صبر، استقامت اور مشقت سے عوامی ریلیف کی جدوجہد زیادہ مشکل امر ہے۔ جماعتِ اسلامی احتجاج کو ہر قیمت پر پُرامن رکھے گی، احتجاج کو پُرتشدّد بنانے کی حکومتی اور ریاستی اداروں کی ٹکراؤ کی پالیسی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جماعتِ اسلامی پی ٹی آئی احتجاج سے ٹکراؤ کے حکومتی وزراء اور انتظامیہ کے شیطانی حربے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ پٹرلیم لیوی بھتہ ختم کرنے، آئی پی پیز کے اندھے اخراجات کے بوجھ کے خاتمہ کی جدوجہد بہرصورت جاری رہے گی، امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن دانش مندی، قومی جذبہ اور پُرامن سیاسی، جمہوری مزاحمت کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہیں۔ ملتان سے لاہور، لاہور سے اسلام اباد، خیبرپختونخوا سے اسلام آباد سُپر لانگ مارچ کی ہم اپنی حکمتِ عملی اپنائیں گے۔ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے قائدینِ جماعت سے وسیع تر مشاورت کے بعد سُپرلانگ مارچ کو فی الوقت وزیراعظم سے ملاقات تک مؤخر کردیا ہے، سُپرلانگ مارچ کا ملتان میں پڑاؤ رہے گا، اِس دوران دھرنوں کو مزید شہروں تک وُسعت اور بڑے شہروں میں عوامی جلسوں کے ذریعے اپنی جدوجہد اور احتجاج کو مزید منظم کرے گی اور پورے ملک کی تنظیم، احتجاج اور اگلے مراحل کی تیاری کےلئے متحرک رہے گی، اِن شاء اللہ عوام کامیاب ہوں گے۔#
