اسلام آباد کے عوام کے شہری حقوق پر ڈاکہ

نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلس قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے ناظمِ انتخاب راجہ عارف سلطان اور منصورہ شعبہ انتخابات کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا چھٹی مرتبہ التواء جمہوریت اور اسلام آباد کے عوام کے شہری حقوق پر ڈاکہ ہے. وزیراعظم سکریٹریٹ کنٹونمنٹس کے انتخابات کےلئے بھی الیکشن کمیشن کو جواب نہیں دے رہے. انتخابات کی معطلی نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ الیکشن کمیشن حکومتوں اور انتظامیہ کے رحم و کرم پر ہے، حکمران جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ نے کبھی بھی الیکشن کمیشن کو بااختیار نہیں ہونے دیا. سیاسی اور ریاستی قوتیں بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام اور بروقت انتخابات کرانے کےلئے تیار نہیں. پنجاب طویل مدّت سے بلدیاتی انتخاب اور یہاں کے عوام شہری حقوق سے محروم ہیں اور اسلام آباد میں بار بار انتخابی ناٹک رچایا جاتا ہے، یہ بیڈگورننس اور جمہوریت دشمنی کی بدترین مثال ہے. انتخابی اصلاحات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بااختیار بنانا، متناسب نمائندگی کا طرزِ انتخاب اور مقامی حکومتوں کےلئے بروقت متعین تاریخ پر انتخاب لازمی حصہ ہونا چاہئے. پی پی پی، مسلم لیگ ن سمیت پی ٹی آئی نے بھی اپنے ادوارِ اقتدار میں بلدیاتی نظام سے کِھلواڑ ہی کیا.
لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم بدنیتی پر مبنی تھی اور وفاقی آئینی عدالت کا قیام متنازع تھا. اب ایف سی سی کو ایک سال کی مدت ہوگئی، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کی حلف برداری کی تقریب اور اب ایک سال مدت کی تکمیل پر تقریب میں بھی شریک نہ ہوئے. وفاق کی سطح پر عدالتوں کے درمیان یہ فاصلہ اور ورکنگ ریلیشن شپ کی کمزور ترین سطح نظامِ عدل کےلئے تازیانہ ہے. آئینی ترمیم کرانے اور کرنے والے اب اِس صورتِ حال پر پوری قوم کے سامنے جوابدہ ہیں. آزاد اور بااعتماد عدلیہ ہی عوام کا مطالبہ ہے اور یہی عمل ملک میں نظامِ عدل کو باوقار، مستحکم بناسکتا ہے. پارلیمنٹ 27 ویں آئینی ترمیم کے سنسنی اثرات کے ازالہ کےلئے ازخود نوٹس لے اور اس ترمیم پر رجوع کرے.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ قدرتی وسائل، معدنیات کے قدرتی خزانے پاکستان کی معیشت کےلئے بہت بڑی طاقت ہیں، قدرتی وسائل کی سائنسی، تکنیکی ذرائع سے حصول اور ترقی وقت کا تقاضا ہے. قدرتی وسائل کو قومی معاشی ترقی کا ذریعہ بنانے کےلئے انجینئرنگ اور پراسس کو تیز کرنا ناگزیر ہے ہوچکا ہے. حکومت اور پالیسی ساز مقتدر طبقے اِس امر کو نظرانداز نہ کریں کہ معدنیات کے مسئلہ پر حکومت ریاست اور عوام کے درمیان بےاعتمادی کی خلیج قائم ہے. صوبوں کے حقِ ملکیت، معدنیات والے علاقوں میں مقامی آبادیوں کی ترقی اور بہبود، مقامی آبادیوں کو ملازمتوں میں جائز حصہ دینا اور بہتر شہری سہولیات مہیا کرنا فیصلہ سازی کی ترجیحات میں شامل ہو، اِس پر عمل کرکے ہی عوامی اعتماد بحال ہوسکتا ہے، وگرنہ سی پیک، ریکوڈک پر پیدا کئے گئے خدشات اور تنازعات، منفی پروپیگنڈہ کی اثرانگیزی حکومتوں کی کمزور اور نامکمل حکمتِ عملی کی وجہ سے ہے. عوام ملک کی اقتصادی طاقت اور عام آدمی کی زندگیوں میں خوشحالی پر مبنی تبدیلی کے ساتھ ہیں.