قومی خدمت کے سفر میں مخلص لوگوں کی قدر کریں

پاکستان کے استحکام، سلامتی، تحفظ اور خوشحالی کے لیے فیلڈ مارشل کی خدمات کا اعتراف وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایسے اعتراف سے نہ صرف قومی حوصلہ بلند ہوتا ہے بلکہ آنے والی نسلوں اور نئے خدمت گزاروں کو یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستانی قوم احسان فراموش نہیں، بلکہ ملک کے لیے مخلصانہ خدمات انجام دینے والوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔

تاریخ ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ جب کوئی شخص قومی عزم کے ساتھ کسی اہم مقصد کے لیے کھڑا ہوتا ہے تو اس کے گرد بعض فسادی، مفسدی، خوشامدی، موقع پرست اور مفاد پرست عناصر جمع ہو جاتے ہیں۔ یہ لوگ اصلاحات کے نام پر ایسے منصوبے پیش کرتے ہیں جن کے پس پردہ ذاتی مفادات، کوتاہ بینی، موقع پرستی، کارپٹ بیگنگ اور بعض اوقات بیرونی ایجنڈے بھی کارفرما ہوتے ہیں۔ ان کی سرگرمیوں کا نقصان بالآخر پاکستان اور اس کے قومی اداروں کو پہنچتا ہے۔

ہمیں اپنی تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔ 1970ء میں جنرل یحییٰ خان کے دور میں آئین ساز اسمبلی کے انتخابات کے عمل کے دوران پاکستان کے آئینی اور وفاقی نظام کے دو بنیادی ستون ختم کر دیے گئے: ون یونٹ کا خاتمہ اور مشرقی و مغربی پاکستان کے درمیان 50:50 کی نمائندگی کا اصول، جسے وفاقی توازن اور استحکام کے لیے اختیار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اکثریتی عوام کے جمہوری مینڈیٹ اور حقوق کو تسلیم کرنے میں ناکامی، مرکز سے حکمرانی کی کوششوں اور سیاسی بحران نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تلافی سانحے سے دوچار کیا، جس کے نتیجے میں ملک دولخت ہو گیا۔

اگر ہم تاریخ کو مزید پیچھے دیکھیں تو ایسٹ انڈیا کمپنی کی کامیابیوں اور برصغیر کی غلامی میں بھی مقامی سازشیوں، درباریوں اور مفاد پرست عناصر کا کردار نمایاں رہا۔ میر جعفر، میر صادق اور دیگر کردار اس بات کی تاریخی مثال ہیں کہ اندرونی غداری اور ذاتی مفادات قومی وجود کے لیے کس قدر خطرناک ہوتے ہیں۔

آج پاکستان میں نئے صوبوں اور انتظامی تقسیم کے حوالے سے جو بحث جاری ہے، اس کے ممکنہ فوائد اور نقصانات کا غیر جانب دارانہ جائزہ ضروری ہے۔ انتظامی اصلاحات کے نام پر ایسے اقدامات سے گریز ہونا چاہیے جو قومی وحدت، وفاقی توازن اور قومی سلامتی کے لیے نئے مسائل پیدا کریں۔ ان اصلاحات کے اخراجات، انتظامی پیچیدگیاں اور عملی نتائج بھی سامنے رکھے جائیں۔

اس بحث کا ایک اہم اور تشویش ناک پہلو بلاول بھٹو زرداری صاحب نے بھی اٹھایا ہے کہ صوبوں کی تقسیم سے خونریزی اور تصادم کے خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس حقیقت کا مذاق اڑانے کے بجائے تاریخ کو سمجھنا چاہیے۔

1947ء میں پنجاب کی تقسیم برصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا المناک سانحہ تھا جس کی انسانی قیمت ناقابلِ تصور تھی۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ پنجاب کی تقسیم کے مخالف تھے اور ان کا مؤقف تھا کہ پورا پنجاب پاکستان کا حصہ ہونا چاہیے، لیکن تقسیم کا مطالبہ اور اس پر عمل درآمد ایک ایسی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوا جس میں تقریباً دس لاکھ انسان قتل ہوئے، لاکھوں خواتین کی عصمتیں لوٹی گئیں اور کروڑوں لوگ اپنے گھروں، زمینوں، کاروباروں اور آبائی علاقوں سے بے دخل ہو کر مہاجر بن گئے۔ خاندان بکھر گئے، بستیاں اجڑ گئیں اور نسلوں کی آبادیاں اپنے تاریخی وطن سے محروم ہو گئیں۔ پنجاب کی تقسیم ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ جغرافیائی تقسیم محض انتظامی فیصلہ نہیں، بلکہ بعض حالات میں خونریزی، انسانی المیے، مستقل نفرت اور ناقابلِ تلافی قومی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔

پاکستان میں پانی کی تقسیم اور قومی مالیاتی کمیشن (NFC) کے معاملات کو ہی دیکھ لیجیے۔ چار وفاقی اکائیوں کے درمیان پانی اور وسائل کی تقسیم پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور ان مسائل کو ایک قابلِ قبول نظام کے تحت حل کرنے میں ساٹھ، ستر سال لگ گئے۔ اگر چار صوبوں کے درمیان ان مسائل کو حل کرنے میں کئی دہائیاں درکار ہوئیں، تو بارہ، تیرہ یا چودہ صوبوں کے درمیان یہی معاملات حل کرنے میں کئی سو سال لگ سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں وسائل کی تقسیم، پانی کے حقوق، مالیاتی معاملات، انتظامی تنازعات اور سیاسی اختلافات مزید پیچیدہ ہو جائیں گے۔ نتیجتاً نہ پائیدار ترقی ممکن ہوگی، نہ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری، نہ صنعتی ترقی اور نہ ہی قومی منصوبہ بندی میں استحکام۔ مسلسل تنازعات اور غیر یقینی صورتِ حال سرمایہ کاروں اور ترقیاتی منصوبوں دونوں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بن جائے گی۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان کے صوبے محض انتظامی یونٹس نہیں ہیں۔ پاکستان ان صوبوں اور تاریخی اکائیوں کے اتحاد سے وجود میں آیا؛ یہ وفاقی نظام کی تشکیل کرنے والی اکائیاں ہیں، صرف پروونسز یا انتظامی ڈویژنز نہیں۔ ان کی اپنی زبانیں، ثقافتیں، تاریخیں، سیاسی شناختیں اور اجتماعی جذبات ہیں۔ ان شناختوں کو نظر انداز کرنا یا انہیں محض انتظامی نقشے کی تبدیلی سمجھنا سیاسی حساسیت، قوم پرستی اور عصبیت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ اپنے تاریخی تشخص، زبان، ثقافت اور اجتماعی شناخت سے وابستہ عوام کسی بھی تبدیلی کو محض انتظامی ضرورت سمجھ کر قبول نہیں کریں گے۔

میری گزارش جنرل فیلڈ مارشل صاحب اور ان کے رفقائے کار سے ہے کہ قومی خدمت کے سفر میں مخلص لوگوں کی قدر کریں، ملک کے دشمنوں، موقع پرستوں، خوشامدیوں اور ذاتی مفادات کے لیے قومی اداروں کو استعمال کرنے والوں کو پہچانیں اور انہیں اپنے قریب نہ آنے دیں۔ قومی اصلاحات کا فیصلہ تاریخی شعور، آئینی اصولوں، وفاقی اتفاقِ رائے، عوامی اعتماد اور پاکستان کے طویل المدتی مفاد کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

پاک فوج زندہ باد!

پاکستان ہمیشہ پائندہ باد!