نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ریاض نائیکو کی شہادت نے کشمیر میں آزادی کی منزل کو مزید قریب کر دیا ہے،برہان وانی کی شہادت کے بعد جس طرح آزادی کی تحریک میں نیا موڑ آیا تھااور ہزاروں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان تحریک میں شامل ہوگئے تھے اسی طرح ریاض نائیکو کی شہادت سے کشمیری نوجوانوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔،انھوں نے کہابھارتی قابض فوج کشمیری قیادت کو چن چن کر قتل کررہی ہے، گزشتہ نو ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن ہے،کورونا کی عالمی وباء کے دوران بھارتی فوج نے ظلم و جبر کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اورکورونا کو معصوم کشمیریوں کے خلاف ہتھیار کے طو رپر استعمال کررہی ہے،ایک طرف کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں اور دوسری طرف قابض فوج گھرگھر تلاشی کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کوڈھونڈ ڈھونڈ کرقتل کررہی ہے۔ میاں محمد اسلم نے کہابھارت تمام تر مظالم اور جبر و تشدد کے باوجود آزادی کی تحریک دبا نہیں سکے گا،اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کورکوائے اور کشمیریوں سے حق خود ارادیت کے اپنے وعدے کو پورا کرے۔
