وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی ریونیو کا موثر استعمال، بہتر مالیاتی و قرضے انتظام، توانائی اور مالیاتی شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے ماحول کی بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ترقیاتی مقاصد کے لئے قرضوں کے استعمال کے مواقع تلاش کئے جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایک اجلاس صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مختلف ترقیاتی شراکت داروں سے ملک کو موصول ہونے والی امداد کے خصوصی حوالے سے ملک کی اندرونی و بیرونی مالیاتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن مخدوم خسرو بختیار، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی بیرونی انفلوز و آؤٹ فلوز کی صورتحال، ترقیاتی شراکت داروں سے کوویڈ 19 کے لئے مالیاتی امداد، جی 20 قرضوں میں ریلیف اور قرضوں کو ترقیاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے حوالے سے دوست ممالک سے رابطوں کی ممکنہ حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ موجودہ حکومت کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ریونیو کا موثر استعمال، بہتر مالیاتی و قرضے انتظام، توانائی اور مالیاتی شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے ماحول کی بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے جی 20 کے قرضوں میں ریلیف کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی 20 کی طرف سے ریلیف ایک بروقت اقدام ہے جس سے کوویڈ 19 کے چیلنج سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ تاہم انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ یہ سہولت کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے والے ترقی پذیر ممالک کو وسیع تر سہولت کے حوالے سے مزید بڑھائی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اپنے وسائل پر توجہ دے سکیں۔ وزیراعظم نے ترقیاتی مقاصد کے لئے قرضوں کے استعمال کے مواقع تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ سماجی و اقتصادی ترقی کا عمل بہتر بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں بین الاقوامی برادری کے مثبت ردعمل کو سراہا
