پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو10 اگست تک48 لاکھ،54 ہزار ڈالرز واجب الادا رقم دینے کا مطالبہ

پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے زیر تحت پاک سیٹ انٹرنیشنل نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو ایک خط میں10 اگست تک48 لاکھ،54 ہزار ڈالرز واجب الادا رقم دینے کا مطالبہ کیاہے۔

اس خط کے مطابق پی ٹی وی اپنے ٹی وی چینلز اور ڈی ایس این جی وینز کے لیے پاک سیٹ انٹرنیشنل کی خدمات حاصل کرتا ہے، جس کا ماہانہ کرایہ ایک لاکھ 32 ہزار 150امریکی ڈالرز ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی نے طویل عرصے سے کسی بھی قسم کی کوئی ادائیگی نہیں کی جس کی وجہ سے 30 جون تک واجب الادا رقم تقریباً 49 لاکھ امریکی ڈالرز ہوچکی ہے۔

خط کے مطابق پی ٹی وی نے متعددبار ادائیگی کی یقین دہانی کرائی مگرمعاملہ حل طلب ہی رہا۔خط میں واضع کیا گیا ہے کہ اگر سرکاری ٹی وی نےفوری ادائیگی نہیں کی تو ادارہ اپنے طور پر کارروائی کرنے کا مجاز ہوگا، اگرچہ اسے امید ہے کہ یہ نوبت نہیں آئے گی۔

خط میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سیکریٹری سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کے حل کے لیے ہمدردانہ غور کریں۔خط میں بتایا گیا ہے موجودہ قومی خلائی پروگرام کو چین سے حاصل کردہ قرض اور اس سیٹلائٹ کی منسلک خدمات سے حاصل کردہ رقم سے چلایا جارہا ہے اور محصولات میں کسی بھی قسم کی کمی قومی خلائی پروگرام پر بری طرح اثر انداز ہوگی۔