یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد

اسلام آباد:13 اگست 2020 ئ
میں پوری قوم کو74ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ پرمسرت موقع بابائے قوم کے عظیم وڑن پر عمل پیرا ہونے کے عہد کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔یہ دھرتی کے ان بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے مادر وطن کی زمینی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آج کا دن اس امر کا جائزہ لینے کا موقع ہے کہ ہم ان مقاصد کہ جو ایک آزاد ریاست کے حصول کا باعث بنے تھے کی تکمیل میں کس حد تک کامیاب رہے ہیں۔
گذشتہ سات دہائیوں کے سفر کے دوران ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ ہم خارجی اور داخلی محاذوں پر مشکلات سے نبردآزماءرہے ہیں۔ جارحانہ عزائم کے حامل ہمسایہ ملک کی عداوت سے لیکر دہشت گردی کی عفریت اور قدرتی آفات سے لیکر عالمی سطح کی وباءکا مقابلہ کرتے ہوئے قوم نے ہمیشہ عزم اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ ہم آج پھر سے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ” اتحاد،ایمان،تنظیم “ کے سنہری اصولوں پر گامزن ہوکر ہم ہر چیلنج کے مقابلے کے لیے ثابت قدم رہیں گے۔
اپنی منزل کے حصول کے لیے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ایک ایسا طرزِ حکمرانی دیا جائے جو آزادی کے مقاصد سے موافق ہو۔ ہم ایسے نظام کے لئے کوشاں ہیں جہاں قانون کی حکمرانی اور بالادستی قائم ہے۔ ہم نے ریاستِ مدینہ کو اپنے لئے قابل تقلید مثال منتخب کیا ہے۔
آج یوم آزادی مناتے ہوئے ہمارے دل اپنے ان کشمیری بھائیوں کے لئے دکھی ہیں جو گذشتہ ایک سال سے بھارتی افواج کے محاصرے میں ہیں۔ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تمام فورمز پر مظلوم کشمیریوں کے لیے آوازبلند کرتے رہیں گے۔ ہم بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالایوں اور بی جے پی کی حکومت کے نظریات کی وجہ سے خطے کے امن وسلامتی کو لاحق خطرات سے آگاہ کرتے رہیں گے۔مجھے یقین ہے کہ ہمارے کشمیری بھائی اپنے حوصلے اور جدوجہد کی بدولت اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
اللہ تعالیٰ بابائے قوم کے وڑن کے مطابق ملک کی تعمیر نو کے لیے ہماری کوششوں کو کامیاب فرمائے اور مقبوضہ کشمیر میں ہمارے کشمیری بھائیوں کے آزادی کے ایجنڈہ کی تکمیل عطا فرمائے۔ آمین
پاکستان پائندہ باد
٭٭٭٭
 یوم آزادی 14 اگست2020ءکی صبح سے قبل شائع، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائے

Attachments area

اپنا تبصرہ لکھیں