پیمرا نے 10 محرم الحرام کی خصوصی ٹرانسمیشن کے دوران نفرت انگیزمواد نشر کرنے پر24 نیوزکا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا۔
پیمرانے مورخہ 20اگست 2020ء کو تما م ٹی وی چینلزکو محرم الحرام کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی تھی اور چینلز کو اپنی نشریات کے دوران ایسا مواد جو کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو ٹھیس پہنچائے یانفرت انگیز ی اور فرقہ واریت پر مبنی ہو، نشر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
میسرز میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ (24 نیوز) نے دس محرم الحرام کی خصوصی ٹرانسمیشن کے دوران نفرت انگیز مواد بغیر کسی ایڈیٹوریل کنٹرول کے نشر کیا اور پیمرا قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کی۔ پیمرا کو سوشل میڈیا پر اس مواد کے خلاف شکایت موصول ہوئیں ہیں جس پر اتھارٹی نے پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 30 (3) کے تحت 24 نیوزکا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا ہے کیوں کہ نشر کیے گئے نفرت انگیز موادسے ملک بھر میں نقص امن کا اندیشہ ہے۔
24 نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 14روز میں جواب طلب کیا گیا ہے اور قانون کے مطابق چنیل کوذاتی شنوائی کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔چینل کا لائسنس انکوائری مکمل ہونے تک معطل رہے گا