صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد حامد اطہر ملک کی عوام سے کراچی کی صورتحال میں مدد کی اپیل
حالیہ شدید بارشوں نےکراچی میں تباہی مچا کے رکھ دی ہےعملاً کراچی ڈوب رہا ہے۔ بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ نا قابلِ برداشت مالی نقصان کا سامناہے۔سیلابی ریلوں نے ہمارے بہن بھائیوں اور بچوں کو ہنستے بستے گھروں سے اٹھا کر پانی کے ظالم تالابوں میں لا پھینکا ہے جہاں نہ گھر کا سامان بچا ہے اور نہ ہی کوئی کھانا بنانے کا انتطام۔
آپ جانتے ہیں کہ ملکِ عزیز کے کسی بھی حصے میں جب کبھی کوئی آفت آئی ہے تو کراچی کے باسی آفت زدگان کی مدد بڑھ چڑھ کر کرتے رہےہیں۔ اب ہماری باری ہے کہ آگے بڑھیں اور اپنے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کی دامے درمے سخنے مدد کریں یہ ذمہ داری بھی ہے فرض بھی اور قرض بھی۔اس کارِ خیر میں نقدی، بستر، کپڑے، کھانے کی خشک اشیاء کی صورت میں شرکت کر سکتے ہیں۔
1990 سے لیکر آج تک الخدمت فاؤنڈیشن ایسے بھلائی کے کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ اب بھی الخدمت فاؤنڈیشن کراچی وہاں قابلِ تقلید کام کر رہی ہے۔ مگر ابھی متاثرینِ بارش کی ضروریات بہت زیادہ ہیں۔ میں ملک اور ملک سے باہر خصوصاً اسلام آباد کے اہلِ خیر سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس کارِ خیر میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ اس موقع پر وفاقی حکومت ، سندھی صوبائی حکومت، کراچی کی لوکل گورنمنٹ اور تمام NGO’s کو مل کر ریلیف ورک کرنا چاہئے ۔
