نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی اسلام آباد سجاد احمد عباسی نے نیشنل پر یس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر پریس کلب کے نو منتخب صدرشکیل انجم سیکرٹری انور رضا ، فنا نس سیکرٹری محمد صغیر چوہدری سمیت کامیاب ہونے والے عہدیداران اور گورننگ باڈی کو مبارکباد دی ، اس موقع پر میاں محمد اسلم نے کہا اُمیدہے کہ نو منتخب عہدیداران صحافی برادری کو درپیش پیشہ وارانہ مشکلات کے خاتمے اور مسائل کے حل کے لیے اور صحافت کی ترقی کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صحافیوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے کہاکہ حق کی آواز بلند کرنا صحافت کا اصل مشن ہے جسے پورا کرنے کے لیے نو منتخب عہدیداران کو آگے بڑھنا ہوگا اور اس پیشہ کے تقدس اور اس سے وابستہ افراد کے وقار کی بحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ اپنے کام کا آغاز کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری دعائیں اور جماعت اسلامی کی ہمدردیاں اور تعاون نومنتخب عہدیداران کو حاصل رہے گا۔
